اسلامی ریاست کی تشکیل جدید ( معروف نو مسلم سکالر محمد اسد کے افکار کا تنقیدی مطالعہ )
Abstract
اسلامی ریاست کی تشکیل جدید " "جہات الاسلام " کے سابق مدیر جناب محمد ارشد کا مناسب حک و اضافہ کے ساتھ شائع ہونے والا وہ تحقیقی مقالہ ہے جس پر شعبہ علوم اسلامیہ ( پنجاب یونیورسٹی - لاہور ) نے انہیں ڈاکٹریٹ کی سند کا مستحق قرار دیا ہے۔ مقالے کا مرکزی موضوع تو معروف نو مسلم آسٹرین سکالر علامہ محمد اسد ( سابق لیوپولڈ وینس ، ۱۹۰۰- ۱۹۹۲ء) کے سیاسی افکار کا تنقیدی مطالعہ ہے، تاہم اُن کے فکر و دانش پر معاصر اہل علم کے نقد و تبصرہ کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے، جن میں مسلم اہل علم کے ساتھ بعض معروف مستشرقین بھی شامل ہیں، اور مسلمان اہل علم میں علامہ اسد کی فکری وسعت (wave-length) پر سوچنے والوں کے ساتھ روایت دوست علماء و مشائخ اور جدیدیت پسند اہل قلم بھی شامل ہیں۔ اس طرح نو آبادیاتی دور کے اختتام پر اسلامی ریاست کے قیام کی دعوت دینے والوں اور اس مقصد کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنے والوں کا اسلامی ریاست کی ماہیت اور اس کے ذیلی اداروں کی تشکیل اور دائرہ ہاے کار پر زاویہ نظر پوری طرح سامنے آگیا ہے۔
						
							
